[وزیر اعظم عمران خان نے صوفی ازم پر مبنی ایک اور ترکش ڈرامہ’یونس ایمرے‘پاکستان میں ٹیلی کاسٹ کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان کی اس ڈرامے کو اردو میں ڈب کرکے پی ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ کرنے کی خواہش کا بتاتے ہوئے لکھا کہ ’یونس ایمرے‘ ترکی کے ایک صوفی شاعر اور درویش کی زندگی پر مبنی ہے جس نے اپنی زندگی تلاش حق کے لیے وقف کردی تھی۔
اس ڈرامہ کی تحریر بھی مہمت بزداغ نے ہی کی ہے جنہوں نے ڈرامہ ارطغرل غازی لکھا تھا۔
اناطولیہ کے اِس درویش، صوفی بزرگ اور خداداد صلاحیتوں کے مالک شاعر مولانا جلال الدین رومی کے ہم عصروں میں شامل تھے اسی لئے انہیں ’رومی ثانی‘ کہا جاتا ہے۔
ترکی کے سرکاری چینل پر نشر کی جانے والی مقبول سیریز ’یونس ایمرے‘ 2015 میں نشر ہونا شروع ہوئی جو دو سیزن پر مشتمل ہے، دونوں سیزن کی مجموعی اقساط کی تعداد 45 ہے۔
صوفی شاعر اور درویش یونس ایمرے 1238 میں پیدا ہوئے اور 1320 عیسوی میں دنیا سے رخصت ہوئے، کئی صدیاں بیت جانے کے بعد آج بھی وہ ترکوں کی محبوب شخصیات میں سے ایک ہیں۔ ترکی باشندوں میں یونس ایمرے کا کلام آج بھی مقبول ہے اور ان کا نام نہایت عزت اور احترام سے لیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان نے تاریخی ترک ڈرامے ’دیرلیش ارطغرل‘ کا اپنی تقریر میں ذکر کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ترک سیریز اردو میں ڈب ہو تاکہ ہمارے لوگوں کو مسلمانوں کی تاریخ کا پتہ چلےجس کے بعد پی ٹی وی پر یکم رمضان سے ارطغرل غازی نشر کیا جارہا ہے۔]
No comments:
Post a Comment