Wednesday, 29 April 2020

عرفان خان: گوناگوں صلاحیتوں کا مالک ایک بڑا اداکار

یوں تو بھارتی فلموں کا جب بھی ذکر ہوتا ہے تو سب کے ذہن میں تینوں خان کے نام آتے ہیں: شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان۔ لیکن ان کامیاب اداکاروں کی موجودگی میں ایک خان ایسا بھی تھا جو انٹرنیشنل معیار پر نہ صرف پورا اترا بلکہ اس نے دنیا کے بہترین اداکاروں کے ساتھ کام کر کے اپنا لوہا منوایا۔
تریپن سالہ عرفان خان نے دو دہائی تک بالی وڈ پر راج کیا۔ کولون انفیکشن کے باعث 29 اپریل کو زندگی کی بازی ہارنے والے عرفان خان نے لواحقین میں ایک بیوہ، دو بیٹے اور اپنے لاکھوں مداح چھوڑے ہیں۔
عرفان خان 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کے علاج کی وجہ سے لندن منتقل ہو گئے تھے جس کے بعد انہوں نے فلموں میں تو کم کام کیا تھا، لیکن جتنا بھی کیا وہ یادگار رہا۔
عرفان خان نے اپنی اداکاری کا آغاز 80 کی دہائی میں ٹی وی سے کیا تھا۔ ان کا فلمی سفر 1988 میں میرا نائر کی فلم 'سلام بمبئی' سے شروع ہوا۔ نوے کی دہائی میں انہوں نے ٹی وی پر تو زیادہ کام کیا، لیکن فلموں کے حوالے سے انہیں کئی مشکلات سے گزرنا پڑا۔ تینوں خان کے علاوہ اس دہائی میں منوج واجپائی جیسے منجھے ہوئے اداکار نے بھی اپنا سکہ جمایا ہوا تھا، جس کی وجہ سے عرفان خان کو کردار تو ملتے تھے، مگر چھوٹے۔
اداکارہ ودیا بالن نے لکھا کہ میری آپ سے زیادہ پہچان نہیں تھی لیکن اس کے باوجود میں اپنے آنسو نہیں روک پا رہی ہوں۔ کیوں کہ آپ کی پرفارمنس نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہی آپ کا جادو تھا جو ہمیشہ قائم رہے گا
اداکار سلمان خان نے لکھا کہ عرفان خان کا انتقال فلم انڈسٹری، ان کے مداحوں، ان کے گھر والوں اور ہم سب کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان خان ہمیشہ یاد آئیں گے اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے
اداکار عامر خان نے بھی عرفان خان کی خدمات کو سراہا اور ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
امیتابھ بچن نے لکھا کہ عرفان خان گوناگوں صلاحیتوں کے مالک ایک بڑے اداکار تھے جو بہت جلد ہمیں چھوڑ گئے۔ ان کے جانے سے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی عرفان خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ عرفان خان کا انتقال سنیما کی دنیا اور تھیٹر کے لیے بڑا نقصان ہے۔

No comments:

Post a Comment

Qasim auto decoration Khushab